تعلیمی اداروں میں جمعہ اور ہفتہ کی تعطیل ختم کی جائے
میلسی(ملک عبدالستار بھٹہ)صدر پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نعمان حامد نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں جمعہ اور ہفتہ کی تعطیل ختم کی جائے تاکہ بچوں کے تعلیمی نقصان کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ غیر یقینی صورتحال کے باعث تعلیمی سرگرمیاں پہلے ہی متاثر ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے طلبہ کی پڑھائی کا کافی حرج ہوا ہے۔ اب جبکہ جنگ بندی ہو چکی ہے اور عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آ چکی ہے، اس لیے حکومت کے پاس یہ مناسب موقع ہے کہ وہ اپنے سابقہ فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔نعمان حامد نے کہا کہ سکولوں کی مسلسل بندش اور اضافی تعطیلات سے سب سے زیادہ نقصان طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو پہنچتا ہے۔ والدین، اساتذہ اور تعلیمی ادارے سب اس بات کے خواہاں ہیں کہ بچوں کا قیمتی وقت ضائع ہونے کے بجائے اسے بہتر تعلیم و تربیت کے لیے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کو چاہیے کہ وہ تعلیمی مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تعلیمی اداروں میں جمعہ اور ہفتہ کی چھٹی ختم کرنے کا فوری اعلان کرے تاکہ تعلیمی نظام دوبارہ مکمل روانی کے ساتھ بحال ہو سکے۔صدر پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نعمان حامد نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے مثبت فیصلہ کرے گی۔