کرائمز
ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 23 ہزار گندم کی بوریاں برآمد
اوکاڑہ ( نامہ نگار) اوکاڑہ ضلعی انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف متحرک .اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد صائمہ نذیر نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گندم کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا۔ چوچک، کالو وال اور ڈھاری نارواں میں چھاپوں کے دوران ذخیرہ کی گئی 23 ہزار گندم کی بوریاں قبضے میں لے کر متعدد گودام سیل کر دیے گئے جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔اسسٹنٹ کمشنر صائمہ نذیر کا کہنا تھا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے اور عوامی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ذخیرہ اندوز عناصر کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔