علاقائی خبریں

لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک گجرات میں معرکۂ حق کی مرکزی تقریب کا انعقاد

گجرات: کمشنر گوجرانوالہ/ گجرات ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی کے ہمراہ لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک گجرات میں منعقدہ معرکۂ حق کی مرکزی تقریب میں شرکت کی، جہاں شہریوں، بچوں اور فیملیز کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک ظفر عباس، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عثمان سندھو، صدر سٹی مسلم لیگ (ق) علی ابرار جوڑا، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران پارک کو خصوصی لائٹنگ، قومی پرچموں اور برانڈنگ سے سجایا گیا تھا جبکہ رنگا رنگ پروگرام میں ملی نغمے، قومی ترانے، موسیقی، بچوں کی پرفارمنس اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ شہریوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔

کمشنر گجرانوالہ / گجرات محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے تقریب کے انتظامات، سکیورٹی، صفائی، لائٹنگ اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا اور مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے فیملیز اور بچوں سے ملاقات کی اور پروگرام میں ان کی بھرپور شرکت کو سراہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر محمد علی نے کہا کہ معرکۂ حق قومی اتحاد، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔

ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے کہا کہ ایسی تقریبات نوجوان نسل میں قومی شعور، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور بہترین تفریحی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button