ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ کےخلاف کریک ڈاؤن
لودھراں(محمد اعجاز انصاری) ڈپٹی کمشنروکنٹرولرسول ڈیفنس لودھراں عبدالرؤوف مہر کی ہدایت پرضلع بھر میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ سول ڈیفنس آفیسر طاہر عباس بھٹہ اور چیف انسٹرکٹر سول ڈیفنس خواجہ عاشق حسین نے اس سلسلہ میں متعدد دکانوں پر چھاپے مارے اور ری فلنگ مشینیں تحویل میں لے کر حوالہ پولیس کر دیں ۔ انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے ۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر لودھراں نے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ایل پی جی کے غیر قانونی ریفلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا ہے ۔ سول ڈیفنس آفیسر طاہر عباس بھٹہ نے بتایا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ایل پی جی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کومحفوظ ماحول میں کاروبار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیوں کا تسلسل جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل کے احکامات پر ڈائریکٹرسول ڈیفنس پنجاب ڈاکٹر ذیشان حنیف کی زیر قیادت گیس ریفلنگ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے ۔