رائےونڈ :ماں نے آشنا سے مل کر حقیقی بیٹا جلا ڈالا ، ملزمان گرفتار
رائیونڈ(عبدالرزاق سید سے)زمین پھٹی نہ آسمان گرا حقیقی ماں نے آشنا سے مل کر اپنا ڈیڑھ سالہ بچہ جان سے مار ڈالا، رائیونڈ انویسٹیگیشن گیشن پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاوید اقبال نے دو دن میں بچہ اغواء کے ڈرامے کا ڈراپ سین کرکے نعش برآمد اور ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ سٹی رائیونڈ کی حوالات میں بند کر دیا،افسوسناک واقع نے پورے علاقہ کی فضا کو سوگوار کردیا۔تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے محلہ کوٹ بابو خاں کے رہائشی نوید علی ولد نزیر احمد نے دو دن قبل تھانہ سٹی رائیونڈ میں اپنے ڈیڑھ سالہ بچے اذلان کی پرسرار گمشدگی کا مقدمہ نمبر 637/25 درج کروایا۔جس کی تفتیش انویسٹیگیشن ونگ پولیس رائیونڈ کے اے ایس آئی جاوید اقبال کے سپرد کی گئی جس نے کمال مہارت سے انکوائری کرتے ہوۓ صرف دو دن میں گمشدہ بچے کی ماں کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو اس نے اقبال جرم کرتے ہوۓ تمام واردات بارے بتا دیا۔اس افسوسناک واقع بارے مقدمہ کے تفتیشی آفیسر جاوید اقبال اے ایس آئی نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوۓ کہا کہ جاںبحق بچے اذلان کی ماں کنزہ بی بی کا اپنی شادی سے قبل رائیونڈ کے نواحی علاقہ اولکھ کے رہائشی سلامت علی سے معاشقہ چل رہا تھا۔کنزہ بی بی نے رائیونڈ کے رہائشی اپنے خاوند نوید علی سے جان چھڑانے کیلئے اپنے آشنا سلامت سے مل کر خوفناک منصوبہ بنایا اور پھر اس پر عمل درآمد کرنے کیلئے پہلے بچے کے اغواء کا ڈرامہ رچایا اور پھر اپنی ملازمہ کے ذریعہ اپنے ڈیڑھ سالہ بچے کو گلی کی نکڑ پر کھڑے اپنے آشنا سلامت تک پہنچایا جس نے بچے کو راستہ سے ہٹانے اور پکڑے جانے کے ڈر سے بچے کو گلہ دبا کر جان سے مار ڈالا پھر اپنی موٹر سائیکل سے پٹرول نکال کر بچے کی نعش پر چھڑک کر آگ لگا دی اور پھر اسکی مسخ شدہ نعش قریب ہی سرکاری پانی کے کھال میں پھینک دی۔تھانہ سٹی انویسٹیگیشن پولیس نے بچے کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کردیا جبکہ قاتل ماں اور اسکے آشنا سلامت علی کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔