راول ڈیم ،نوجوان نہاتے ڈوب کر جاں بحق ، پابندی عائد
اسلام آباد (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے راول ڈیم میں نہاتے ہوئے نوجوانوں کے ڈوبنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت راول ڈیم میں نہانے پر پابندی عائد ہے، پابندی کی خلاف ورزی پر متعدد بار گرفتاریاں بھی کی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ عید سے قبل بھی متعدد بار شہریوں کو پابندی سے آگاہ کیا گیاآج کے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے کہاکہ واقعہ میں تین نوجوان نہانے کی غرض سے راول ڈیم میں کودے، ڈوبنے کے واقعہ میں تینوں جوان جان کی بازی ہار گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایک نوجوان کو مردہ حالت میں نکالا گیا،دو نوجوانوں کو تشویشناک حالت میں نکالا جو جانبر نہ ہوسکے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے بعد ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے گا۔ضلعی انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ شہریوں سے التماس ہے کہ راول ڈیم میں نہانے کی پابندی پر عمل درآمد کریں۔