سینیٹ کی جنرل نشست پر انتخاب کےلئے ووٹنگ (آج )ہو گی
لاہور(آئی این پی)مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر پروفیسر ساجد میر کے انتقال سے خالی ہونے والی پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر انتخاب کے لئے ووٹنگ آج (پیر) کے روز پنجاب اسمبلی میں ہو گی ۔سینیٹ کے انتخاب کے لئے ووٹنگ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ہو گی ۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عبد الکریم ،پی ٹی آئی سے عبد الستار ،اور دو آزاد امیدوار اعجاز حسین منہاس اور خدیجہ صدیقی امیدوار ہوں گے۔آج ہونے والے سینیٹ کے انتخاب میں حکمران اتحاد کو واضح اکثریت حاصل ہے ۔ پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر کامیابی کے لئے 184.5 کے تناسب سے ووٹ درکار ہیں۔پنجاب اسمبلی میں کل نشستوں کی تعداد 371 ہے جبکہ دو نشستیں خالی ہیں اس طرح ایوان میں369نشستیں ہیں۔ حکمران اتحاد کے پاس 261ووٹ ہیں جبکہ اپوزیشن کے پاس 108 ووٹ ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ ضمنی انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی ہال کو بطور پولنگ اسٹیشن مخصوص کر دیا گیا ہے،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب بطور ریٹرننگ افسر فرائض سر انجام دیں گے،سینیٹ ضمنی انتخاب کیلئے اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ،ووٹ ڈالنے کے لئے اراکین پنجاب اسمبلی کو اپنا اسمبلی کارڈ دکھانا ہوگا ،پولنگ کا عمل صبح 9بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔