مانگا منڈی/ مچھروں کی بھرمار،بیماریاں پھیلنے کاخدشہ،عوام پریشان
لاہور / مانگا منڈی (کرائمز پوائںٹ ڈاٹ کام )مانگا منڈی اور گرد و نواح میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد مچھر اور مکھیوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ماہرین صحت اور مقامی افراد نے اس صورتِ حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔بارشوں کے باعث گلیوں، سڑکوں اور کھلے میدانوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے مچھر اور دیگر حشرات الارض کی افزائش کو کھلا میدان مل گیا ہے۔ مچھرمار اسپرے، صفائی اور نکاسی آب کے موثر انتظامات نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اسپرے نہ کیا گیا اور حفاظتی اقدامات نہ اٹھائے گئے تو علاقے میں ڈینگی، ملیریا، چکن گونیا اور دیگر وبائی امراض تیزی سے پھیل سکتے ہیں۔ ہسپتالوں میں پہلے ہی معمولی بخار اور جسم درد کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جو اس تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔دوسری جانب مکھیوں کی بہتات نے کھانے پینے کی اشیاء کو بھی غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ بازاروں، ہوٹلوں اور گھروں میں کھانے کے سامان پر مکھیوں کی یلغار سے فوڈ پوائزننگ اور ہیضہ جیسے امراض کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔