چیک پوسٹس پر تعیناتی کیلئے سکیورٹی کلیئرنس لازمی قرار
لاہور( آئی این پی)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی میں اندرونی احتسابی نظام پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے، ایئر پورٹس سمیت ملک بھر کی تمام امیگریشن چیک پوسٹس پر تعیناتی کیلئے سکیورٹی کلیئرنس لازمی قرار دے دی گئی۔رپورٹ کے مطابق آئی بی سے کلیئرنس کے حامل اہلکار ہی امیگریشن میں تعینات ہوسکیں گے، ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز سے زونل اے ڈی جیز اور زونل ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کردیئے گئے۔فیصلے کے مطابق تعیناتی کے خواہشمند افسران، اہلکاروں کی سکیورٹی کلیئرنس آئی بی سے کرائی جائے گی، درخواست گزاروں کی سکیورٹی کلیئرنس کیلئے کوائف ایس 190 فارم پر بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ پرشدہ فارم مزید کارروائی کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر پرسنل انٹرنل اکاﺅنٹیبلٹی برانچ کو روانہ کئے جائیں۔ احکامات کا مقصد ادارے میں بدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔